Friday, 19 April 2024, 03:57:22 am
حکومت عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے ہرممکن کوشش کررہی ہے:وزیراعظم
March 18, 2023

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے تمام ممکنہ کوشش کررہی ہے۔ اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کیلئے خصوصاً رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ آٹے کی تقسیم کے مقامات پر لوگوں کو طویل قطاروں کی تکلیف سے بچانے کیلئے اقدامات کریں۔اسلام آباد کے ایک لاکھ پچاسی ہزار مستحق خاندانوں کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف دینے کے اقدامات کے طور پر آج سے مفت آٹے کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ مستحق افراد یوٹیلیٹی سٹورز کے مقررہ چالیس مراکز سے بلا معاوضہ آٹا حاصل کرسکیں گے۔لوگوں سے کہاگیاہے کہ وہ مفت آٹے کے مستحق ہونے کاپتہ کرنے کے لئے اپناقومی شاختی کارڈنمبربینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی ہیلپ لائن نمبر8717پربھیجیں کیونکہ اس سلسلے میں بی آئی ایس پی کے پاس تمام ترکوائف اور اعداد و شمار موجود ہیں۔ رجسٹر خاندان اس سہولت کے تحت ماہانہ تیس کلو مفت آٹا لے سکیں گے۔کسی شکایت کی صورت میں عوام ٹال فری ہیلپ لائن 0800-05590پر رابطہ کرسکتے ہیں۔