Friday, 29 March 2024, 12:54:09 am
او آئی سی کا بھارت سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کرنے کا مطالبہ
March 18, 2023

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے موریطانیہ کے شہر Nouakchott میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے انچاسویں اجلاس کے موقع پر جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طہٰ نے کی۔ وزیر خارجہ نے رابطہ گروپ کو بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پانچ اگست دوہزار انیس کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد مقبوضہ علاقے میں آبادی کامصنوعی تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں کے نتیجے میں صورتحال بگڑ گئی ہے۔رابطہ گروپ نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور جموں و کشمیر پر او آئی سی کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے ایک مشترکہ اعلامیے کی منظوری دی، جس میں پانچ اگست دوہزار انیس کے یکطرفہ اور غیرقانونی بھارتی اقدامات کو ایک بارپھر سختی سے مسترد کیاگیا۔ گروپ نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور رکن ممالک پرزور دیا کہ وہ بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کے منصفانہ نصب العین اور کشمیر ی عوام پرڈھائے جانے والے مظالم پربھارت کا محاسبہ کرنے کیلئے آواز اٹھائیں۔رابطہ گروپ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں فوری طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے اقدامات کرے۔