Saturday, 20 April 2024, 11:25:51 am
لکی مروت میں پولیس موبائل وین پر حملے میں چھ پولیس اہلکار شہید ہوگئے
November 16, 2022

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں آج پولیس کی موبائل وین پر ایک حملے میں چھ پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں چار کانسٹیبل ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور ڈرائیور شامل ہیں۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب پولیس علاقے میں معمول کا گشت کررہی تھی۔میتوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ ادھر وزیراعلی خیبرپختونخواہ محمود خان نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلی محمود خان نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے ہمارے اہلکاروں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس وین پر حملے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ محمود خان نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے ورثا کیلئے صبر کی دعا کی۔