Friday, 19 April 2024, 08:06:37 pm
آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کی معیشت پربین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے، مفتاح اسماعیل
July 14, 2022

فائل فوٹو

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کی معیشت پربین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے ۔ جمعرات کو ریڈیوپاکستان کے خبروں اورحالات حاضرہ کے چینل کے ساتھ خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے اور سری لنکا جیسی صورتحال پیداہونے سے بچانے کیلئے گزشتہ تین ماہ کے دوران سخت فیصلے کئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے یہ فیصلے ان کی بھاری سیاسی قیمت کو خاطر میں لائے بغیر کئے اورہم اپنے مقصد میں کامیاب رہے ۔مفتاح اسماعیل نے اعتماد ظاہر کیاکہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے ساتھ پاکستان کی کریڈٹ لائنز اوردیگر قرضے بھی بحال ہوجائینگے۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کریںگے اور پیکجز فراہم کریںگے جس سے برآمدات بڑھیں گی ۔ وزیرخزانہ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستانی معیشت میں بہتری سے ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ بھی رک جائے گا۔