میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کا آج انسٹھ واں یوم شہادت منایا جارہا ہے۔
میجر عزیز بھٹی شہید نے انیس سو پچاس میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی اور پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔
میجر راجہ عزیز بھٹی نے 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران لاہور سیکٹر کے علاقے برکی میں کمپنی کمانڈر کی حیثیت سے اپنی پلاٹون کے ساتھ لڑنے کا فیصلہ کیا جس پر ٹینکوں اور توپ خانے سے حملہ کیا گیا۔دشمن کی طرف سے مسلسل گولہ باری کے باوجود انہوں نے اپنے بہادر فوجی جوانوں کے ہمراہ بی آر بی نہر کا دفاع کیا۔
انہیں دشمن کے ٹینک کا گولہ سینے پر لگا جس کے باعث1965میں آج ہی کے روز انہوں نے جام شہادت نوش کیا۔
جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت پاکستان کی مسلح افواج نے ان کے یوم شہادت پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی کی اپنے فرائض کی انجام دہی میں غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے شہداء کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کی قربانیوں پر صبر و تحمل اوربلند حوصلے کا مظاہرہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے1965 کی پاک بھارت جنگ میں ملک کے دفاع کیلئے عظیم قربانی کو سراہتے ہوئے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں عزیز بھٹی کے یوم شہادت پر کہا کہ پوری قوم ان کی بہادری اور بے مثال قربانی پر سلام پیش کرتی ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا عزیز بھٹی نے1965 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے ملک کے دفاع کیلئے اپنی ذمہ داریاں جاں فشانی سے انجام دیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا عزیز بھٹی شہید ستمبر1965 کی جنگ میں دشمن کے مذموم عزائم کے خلاف ڈٹے رہے۔