Thursday, 25 April 2024, 01:08:26 am
نئی افغان حکومت پر پابندیوں سے بڑا انسانی بحران پیدا ہوگا: وزیراعظم
October 11, 2021

وزیراعظم عمران خان نے نئی افغان حکومت کیخلاف پابندیوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے افغانستان میں انتشار اور ایک بڑا انسانی بحران پیدا ہوگا۔مڈل ایسٹ آئی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ طالبان کی اپنی صفوں میں سخت گیر عناصر سے بچنے کیلئے افغانستان کے ساتھ تعلقات استوار کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک امریکہ پہل نہیں کرتا، ہمیں پریشانی ہے کہ افغانستان میں انتشار پیدا ہوگا اور پاکستان ا س سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ تاجکستان اور ازبکستان سمیت ہمسایہ ملکوں کے ساتھ کام کررہے ہیں جن کی افغانستان کے اندر خاصی نسلی اقلیتیں موجود ہیں تاکہ حکومت میں وسیع تر نمائندگی کیلئے طالبان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ایک جامع حکومت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایک متنوع معاشرہ ہے۔