Wednesday, 22 January 2025, 03:42:10 pm
 
وزیراعظم کا لڑکیوں کی تعلیم کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور
January 11, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لڑکیوں کی تعلیم کے مسائل کا قابل عمل اور پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں اسلامی معاشرے میں لڑکیوں کی تعلیم کے مسائل اور مواقع کے موضوع پر دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان لڑکیوں میں ناصرف خود، خاندانوں اور اپنے ملکوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور غربت سے نکالنے کی صلاحیت ہے بلکہ وہ عالمی معیشت کو بھی مستحکم کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کو یقین دلانا ہو گا کہ ان کے حقوق کا تحفظ ہوگا، مقاصد پورے کئے جائیں گے اور ان کے خوابوں کی تعبیر کی راہ میں کوئی ثقافتی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت اسلامی دنیا کو لڑکیوں کو تعلیم تک یکساں رسائی یقینی بنانے کیلئے مسائل کا سامنا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ لڑکیوں کو تعلیم سے محروم کرنا، انہیں روشن مستقبل کے حق سے محروم رکھتے ہوئے ان کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کل آبادی کے نصف سے زیادہ ہیں تاہم خواتین کی شرح خواندگی صرف انچاس فیصد ہے۔

انہوں نے کہاکہ دانش سکولوں کا قیام پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے عدم مساوات کا مسئلہ حل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ منفرد اقدام دیہی اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے متعارف کرایا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب پاکستان کے دور دراز علاقوں میں بھی اس نوعیت کے اقدام کئے جارہے ہیں جس سے روشن اور پہلے سے زیادہ محفوظ مستقبل کی راہ ہموار ہورہی ہے۔