Monday, 10 February 2025, 08:32:48 am
 
بھارتی فوج کی متعدد اضلاع میں تلاشی کی کارروائیاں
July 09, 2024

فائل فوٹو

بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے متعدد اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں جس دوران عام شہریوں کو خو ف و ہراس کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ان پر مخبر بننے اور مجاہدین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

ادھرگزشتہ شام ضلع کٹھوعہ کے علاقے مچیدا میں ایک حملے میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت پانچ بھارتی فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارت کے جابرانہ قبضے کے خلاف جدوجہدآزادی جاری رکھنے کے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کااعادہ کیا ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیراور بھارت کی جیلوں میں نظر بند تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دبا ؤڈالیں۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ دی وائر کی ایک رپورٹ میں نئی دلی کی تہاڑ جیل میں نظربند کشمیری سیاسی قیدیوں کو درپیش سنگین مسائل کو بے نقاب کیاگیا ہے۔

رواں موسم گرما میں جب درجہ حرارت 52ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جیل میں خواتین اورعلیل قیدیوں سمیت کشمیری نظربندبنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔