Friday, 29 March 2024, 12:38:09 am
مقبوضہ جموں وکشمیرمیں صورتحال بدترین ہوگئی ہے:سابق بھارتی جج
August 08, 2022

بھارت میں سابق ججوں اور بیوروکریٹس نے ایک رپورٹ میں مودی حکومت کے دعوئوں کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گورنر راج کے دوران عام شہریوں کی حالت بد سے بد ترہوگئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق '' یونین ٹیریٹری کے تین سال : جموں و کشمیر میںانسانی حقوق ''کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کو بغاوت اور انسداد دہشت گردی کے کالے قوانین کے ذریعہ نشانہ بنایا جارہا ہے۔ رپورٹ میں مقبوضہ وادی کشمیر کی صورتحال کے بارے میں مودی حکومت کے موقف کے بالکل برعکس منظر کشی کی گئی ہے۔ادھر بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس اور بھارتی پولیس کے ہمراہ آج جموں اور ڈوڈوہ میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جن میں سے بیشتر چھاپے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور رہنمائوں کی رہائشگاہوں پر مارے گئے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سرینگر میں 8محرم الحرام کے جلوس کے شرکا پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور درجنوں عزاداروں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے انسانیت کے خلاف جرائم کورکوانے کیلئے عالمی برادری سے مداخلت کا مطالبہ کیاگیا ہے۔امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے اپنے حامیوں کے ہمراہ شدید بارش کے باوجود نیویارک میں تاریخی ٹائمز اسکائر پر ریلی نکالی ۔ یہ ریلی دفعہ 370کی منسوخی کو تین برس مکمل ہونے اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی سربراہی میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں نئے ڈومیسائل قانون کے نفاذ کے خلاف بطور احتجاج نکالی گئی ۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی سمیت مقررین نے اس موقع پر افسوس ظاہر کیاکہ کشمیریوں کو کسی طرح کی کوئی آزادی حاصل نہیں بلکہ انہیں صرف قتل عام ، تباہی اور مظالم کا سامنا ہے ۔