Friday, 29 March 2024, 06:47:54 am
انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک سے کراچی ڈیجیٹل گیٹ وےمیں بدل جائیگا،وزیرآئی ٹی
November 07, 2022

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا ہے کہ کراچی میں جدید ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام سے کراچی شہر ڈیجیٹل گیٹ وے میں بدل جائیگا اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج کراچی میں جدید ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ بیالیس ارب روپے کی لاگت سے دسمبر 2025 تک مکمل کیا جائیگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے 35ارب روپے کی رقم کوریا کا ایگزم بنک فراہم کریگا جبکہ بقیہ سات ارب روپے وفاقی حکومت فراہم کریگی۔انہوں نے کہا کہ پارک میں قومی اور بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیاں اپنے دفاتر قائم کریں گی اور اس منصوبے کی تکمیل کے ساتھ بیس ہزار نوکریاں پیدا ہوںگی۔