Friday, 19 April 2024, 03:10:36 pm
حکومت آئی ٹی اورٹیلی کام شعبے کوسہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے:وزیراعظم
October 07, 2022

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ایک جامع پیکیج کے ذریعے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرے گی تاکہ سالانہ پانچ ارب ڈالر برآمدات کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔

وہ اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے فعال حکمت عملی تیار کرنے کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کو سالانہ پانچ ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنا چاہئے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے کی ترقی کے بارے میں تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے جس میں زرمبادلہ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں ترقی کے تمام مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کو ملک کا مضبوط ترین شعبہ بنانے کیلئے حکومت موثر پالیسی اور سہولیات کی فراہمی کے ذریعے اس کی راہ میں حائل تمام مسائل حل کرے گی۔