Thursday, 25 April 2024, 02:19:19 pm

مزید خبریں

 
اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرمیں رائے شماری کرانے کی اپنی ذمہ داریاں پورے کرے:حریت کانفرنس
October 07, 2022

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے اقوام متحدہ پرزوردیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں رائے شماری کرانے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تاکہ کشمیری عوام اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔

انہوں نے سرینگر سینٹرل جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کوانکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دینے سے انکار اقوام متحدہ کے منشورکی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کشمیر پر عالمی ادارے کی قراردادوں کی دھجیاں اڑانے اور جنوبی ایشیاء میں امن کو خطرے میں ڈالنے پر بھارت کو ایک دہشت گرد ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل حمایت جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے کینسر کے مرض میں مبتلا الطاف احمد شاہ سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیری سیاسی اسیروں کو بھارتی جیلوں سے فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نئی دلی میں الطاف احمد شاہ نے جو گزشتہ پانچ سال سے تہاڑ جیل میں قید ہیں عدالت کو بتایا ہے کہ وہ گردوں کے کینسر میں مبتلا ہیں جو آخری سٹیج پرہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کشتواڑ کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ مودی حکومت کی طرف سے سلب کئے گئے اپنے حقوق کی بحالی کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کشمیری عوام کو تقسیم کرنے کے لیے فرقہ وارانہ، علاقائی اور نسلی اختلافات کو ہوا دینے پر بی جے پی حکومت کی مذمت کی ۔