Friday, 19 April 2024, 06:03:01 am
حکومتی پالیسیوں کی بدولت معیشت درست سمت میں گامزن ہے،وزیر خزانہ
August 06, 2022

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پُرتعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی آئندہ ماہ تک جاری رہے گی کیونکہ یہ قومی معیشت کے مفاد میں ہے۔آج کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاہم صرف معاون اشیاء کی درآمد کی اجازت دینے پر غور کیا جا سکتا ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں اور معاشی استحکام کیلئے اقدامات کے نتیجے میں قومی معیشت درست راہ پر گامزن ہے۔وزیر خزانہ نے یقین دلایا کہ کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ قومی معیشت کے استحکام کیلئے کوششوں میں حکومت سے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی پر اعانت واپس لینے کا مشکل فیصلہ کیا تاکہ قومی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا جا سکے۔