Thursday, 25 April 2024, 02:40:26 am
وزیراعظم کی ہدایت پرسیلاب متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کی،وزیراطلاعات
August 06, 2022

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جاسکے۔

ہفتہ کی شام اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے بچائو کے قومی اور صوبائی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرین کومالی معاوضہ دینے کے لئے سروے کریں۔

سیلاب اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لئے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے کے بارے میں سوشل میڈیا پر بیانات کی شدید مذمت کی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی ادارے میں تقسیم پیدا کرنے اور اس کی مخالفت کرنے والے عناصر کو ملک کی بیرونی امداد سے چلنے والی واحد جماعت تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے واضح طور پر یہ قرار دیا ہے کہ تحریک انصاف نے سیاسی جماعتوںکے ضابطے2002کی خلاف ورزی کی ہے اور یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا۔انہوں نے کہا کہ عمران خانں نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں عوام کو لوٹا اور وہ ملک کے ہر شعبے میں بدعنوانی میں ملوث ہے۔مستقبل قریب میں ملکی معیشت میں بہتری کی امید کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں ہراقدام کرے گی۔