Thursday, 25 April 2024, 06:41:38 am

مزید خبریں

 
بھارتی وزیر داخلہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر مکمل ہڑتال
October 05, 2022

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کے دورے کیخلاف احتجاج کیلئے آج بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی تھی جس کا مقصد بھارت اورعالمی برادری پر واضح کرنا تھا کہ جموں وکشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک جارح اور غیر قانونی قابض کی ہے ۔ امیت شاہ کے دورے کے موقع پر پورے مقبوضہ علاقے کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کردیاگیا تھا۔ قابض انتظامیہ نے وادی کشمیرمیں موبائل ،انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز معطل کر رکھی تھیں۔ پورے مقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ چند دنوں کے دوران چھاپوں اور پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیاگیا۔ادھر بھارتی وزیر داخلہ کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے موقع پر قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی اور محاصرے کی کارروائیو ں کے دوران مزید5 نوجوان شہید کر دیئے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری نوجوانوں کے قتل عام نے امیت شاہ کے اس گمراہ کن دعوے کوبے نقاب کردیاہے کہ اگست 2019میں دفعہ 370کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر محفوظ ترین مقام بن گیا ہے۔ حریت کانفرنس نے امیت شاہ کی اس ہرزہ سرائی کو کہ بھارت کشمیریوں سے بات کرے گا، لیکن پاکستان سے نہیں عالمی برادری کو دھوکہ دینے کی ایک کوشش قراردیا کیونکہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے۔