Saturday, 20 April 2024, 09:42:00 am
پوری پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں ہمارے سفارتخانے کشمیریوں کی آواز ہیں:عاصم افتخار
August 05, 2022

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں ہمارے سفارتخانے کشمیریوں کی آواز ہیں۔

 آج ریڈیو پاکستان کے نمائندے حیدر بلوچ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر کشمیریوں کےلئے ہمیشہ آواز بلند کرے گا۔

 بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی غیر متزلزل جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیری اپنےخواب کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔

 ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مظالم بند کرے اور رائے شماری سے متعلق اقوام متحدہ کی قرا ردادوں پرعمل کرے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کا ٹویٹر اکاونٹ بند کرنے کے بھارتی اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دنیا سے کچھ چھپا رہا ہے۔