فائل فوٹو
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کو ایک خط لکھا ہے جس میں غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے علاقے میں 2019ء میں آج ہی کے دن بھارت کے یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات کے بعد پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال کا ذکر کیاگیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طہ کے نام خط میں کہاگیا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی اقدامات نے نتیجے میں مزید غیرقانونی کارروائیاں کی گئی ہیں جن میں آبادی کے تناسب میں غیرقانونی تبدیلی ، شدید مظالم ، کشمیری قیادت کی غیرقانونی حراست، ماورائے عدالت قتل ، جبری گمشدگیاں ، سرسری سماعت کے بعد گرفتاریاں اور پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں شامل ہیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت کے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اوراو آئی سی کی قراردادوں کے علاوہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد سے متعلق او آئی سی کے مسلسل اور اصولی موقف کی تعریف کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے او آئی سی سے مطالبہ کیاکہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر کے مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کی غرض سے سفارتی کوششوں میں قائدانہ کردارادا کرے۔