Thursday, 18 April 2024, 11:11:13 pm
بجلی پلانٹس کوگزشتہ3ماہ کی ادائیگیوں کےبعدگردشی قرضوں میں214 ارب روپےکی کمی ہوئی ہے:خرم
August 05, 2022

سینٹ کو آج بتایا گیا ہے کہ بجلی پلانٹس کو گزشتہ تین ماہ کی ادائیگیاں کرنے کے  بعد گردشی قرضوں میں دو سو چودہ ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔

 بجلی کے وزیر خرم دستگیر نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ گردشی قرضے مزید کم ہونگے جو کہ رواں سال مارچ اکتیس تک دوہزار چار سو سڑسٹھ ارب کی تاریخی سطح پر تھے۔

 ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کے الیکٹرک کو روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی اور کوئی نیا معاہدہ کرنے کےلئے  ہم کے الیکٹرک سے مذاکرات کررہے ہیں۔

قانون و انصاف کے وزیر مملکت شہادت اعوان نے کہا مہمند  ڈیم پر تقریباً بیس فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔

 انہوں نے اعتماد کا اظہارکیا کہ یہ کام مقررہ مدت کے دوران دوہزار چھبیس تک مکمل ہوجائے گا۔

ایوان بالا نے آج قائد اعظم محمد علی جناح کو تخلیق پاکستان میں ان کے تاریخی کردار پر خراج عقیدت پیش کرنے کی قرار داد منظور کی۔

 قرار داد ثنا جمالی نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیش کی جس میں ایک ترقی پسند، اسلامی اور جمہوری پاکستان کی منزل کے حصول کےلئے عزم کااعادہ کیاگیا۔