بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں گزشتہ ماہ کے دوران نو کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اُن میں سے تین افراد کو ماورائے عدالت اور جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔
اس ماہ کے دوران محاصرے اور تلاشی کی ایک سو اڑتالیس کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران تقریباً ایک سو اُنہتر شہریوں اور سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے زیادہ تر کو کالے قوانین، پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔
اُدھر کُل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند رہنمائوں نے نئی دہلی کی طرف سے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے نام نہاد یونین ٹیرٹیری کا یوم تاسیس منانے کی مذمت کی ہے۔
جیل سے جاری پیغامات میں انہوں نے کہا کہ اس جشن نے نئی دہلی کے مذموم ایجنڈے کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے نائب وزیراعلیٰ سرہندر کمار چوہدری نے اپنی پارٹی کی جانب سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں بھارتی حکومت کے علاقے کو یونین ٹیرٹیری میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا۔