Friday, 29 March 2024, 07:37:37 pm
بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی ،گزشتہ ماہ کے دوران سترہ کشمیریوں کوشہید کیا
October 01, 2022

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں گزشتہ ماہ ستمبر میں 17کشمیریوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق شہید ہونے والوں میں سے 10نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا گیا۔ اس ماہ کے دوران مقبوضہ علاقے میں بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورسز اہلکاروں کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 7نوجوان شدید زخمی ہوئے۔ کم از کم 140شہریوں کو گرفتار کیا گیا جن میں علمائے دین، نوجوان اور سماجی وسیاسی کارکن شامل ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ فوجیوں نے اس عرصے کے دوران محاصرے اور تلاشی کی 162 کارروائیوں کے دوران چار رہائشی مکانات کو بھی تباہ کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کو حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی منصفانہ جدوجہد سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ آگے آئے اور کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچانے کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ادھر غیر قانونی طور پر نظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما الطاف احمد شاہ جو سرطان کے مرض میں مبتلا ہیں،کے اہل خانہ نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ الطاف شاہ گزشتہ پانچ سال سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپرنظربند ہیں۔