Wednesday, 24 April 2024, 02:57:04 pm
امریکہ کاپاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ میں اظہاردلچسپی
July 01, 2022

امریکہ نے پاکستان کے ہوا اور قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔یہ دلچسپی تجارتی اور کاروباری امور کے بارے میں محکمہ خارجہ کے خصوصی نمائندے، دلاور سید کی سربراہی میں امریکی وفد نے ظاہر کی جس نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی۔وفد نے بتایا کہ امریکی ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن پاکستان میں ہوا سے توانائی بنانے کے منصوبوں کے بجلی کی خریداری کے معاہدوں پر نظرثانی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور ملک کو درپیش معاشی چیلنجوں اور ان پر قابو پانے کیلئے کی گئی پالیسی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ، راہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور ملکی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کیلئے گاڑیاں اور موبائل بنانے والی غیرملکی کمپنیوں کو فروغ دے رہی ہے۔انہوں نے اس حوالے سے غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے مزید سازگار ماحول پیدا کرنے کا یقین دلایا۔