احسن اقبال نے کہا کہ حکومت تنخواہوں اور پنشن میں اصلاحات لانے کی کوشش کررہی ہے۔

بنیادی ڈھانچے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے:احسن
31 مئی 2014 (20:09)
0

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی اورخوشحالی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے برآمدی معیشت بننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آج (ہفتہ) لاہور میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور موٹروے کی تعمیر ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ میں ایک سو پچپن ارب روپے بجلی اور ایک سواکاون ارب روپے ٹرانسپورٹ کے شعبے کیلئے مختص کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقی یافتہ ممالک سب سے پہلے اپنے بنیادی ڈھانچے کو تیار کرتے ہیں اور وزیراعظم نوازشریف کا بھی یہی تصور ہے۔


انہوں نے کہا کہ ریلوے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے اور پاکستان ریلوے کی ترقی کیلئے بھاری رقم مختص کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تنخواہوں اور پنشن میں اصلاحات لانے کی کوشش کررہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سماجی شعبے کی ترقی کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کی ہے۔