وزیراعظم نے گوجرانوالہ میں نندی پور بجلی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کہاکہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کا جلد افتتاح ہو گا۔

داسواوردیامربھاشامنصوبوں سےقومی گرڈمیں9000 میگاواٹ بجلی شامل ہو گی
31 مئی 2014 (09:31)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہفتہ کو گوجرانوالہ میں ایک تقریب میں نندی پور بجلی منصوبے کے پچانوے میگاواٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کیا۔یہ منصوبہ سات ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔منصوبے کے چار یونٹ ہیں اور دو ماہ کے بعد ایک اور یونٹ کام کرنا شروع کرے گا جس سے قومی گرڈ میں بجلی کا اضافہ ہو گا۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ توقع سے بھی جلد مکمل ہوا ہے۔


انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں مجرمانہ غفلت برتی گئی جس سے قومی معیشت کو ایک سو پینستھ ارب روپے کا نقصان ہوا ۔وزیراعظم نے کہا کہ پورٹ قاسم اور ساہیوال میں پہلے ہی دو بجلی گھروں کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہےانہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کا بھی جلد افتتاح ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ خصوصا پن بجلی کے شعبے میں بجلی کے پیداواری منصوبے کی تکمیل کا کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے اراضی کے حصول کی غرض سے چالیس ارب روپے جاری کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے داسو ڈیم پر بھی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان دونوں منصوبوں سے قومی گرڈ میں نو ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہو گی۔نواز شریف نے کہا کہ حکومت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کراچی موٹر وے کا سنگ بنیاد بھی جلد رکھا جائے گا۔


وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی مدت ختم ہونے سے پہلے یہ منصوبہ مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم ریلوے کو بہتر بنارہے ہیں۔ اسلام آباد اور مظفرآباد کے درمیان بھی ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ میں گوادر کو فری پورٹ بنا کر اسے دبئی ، سنگاپور اور ہانگ کانگ کے معیار پر لانا چاہتا ہوں۔بعض جماعتوں کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بلاامتیاز ملک بھر کے عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔


انہوں نے کہا کہ کراچی کی گمشدہ رونقیں بحال کرنے کے لئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ کارروائی کے آغاز کے بعد سے جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت عوام کی مدد اور تعاون سے شدت پسندی اور دہشت گردی پر بھی قابو پا لے گی۔

 

 وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نےکہاکہ آئندہ چا ر سال میں ملک کواندھیروں سے نکال دینگے۔ اور ملک کے کونے کونے میں اجالے پھیلائینگے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات کام کیا۔

انہوں نے کہاکہ منصوبہ تین سال پہلے مکمل ہوتا تو ملک کو 169ارب روپے کا نقصان نہ ہوتا آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ ماضی کی حکومت نے لالچ کے باعث 18کروڑ عوام کی زندگی اجیرن بنادی اور نندی پور منصوبے کی مشینری کئی سال تک کراچی بندرگاہ پر پڑی خراب ہوتی رہی ۔نندی پور منصوبے کی داستان ماضی کی بدترین مثال ہے ۔