ماروی میمن نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی بہبود کیلئے بیس ارب روپے کی مالیت کے پروگرام کا اعلان کیا ہے

معیشت مثبت راہ پر گامزن ہے:ماروی
31 مئی 2014 (20:18)
0

اطلاعات کے بارے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ حکومت کی مشکل لیکن دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کی غیر تسلی بخش صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اور اب یہ مثبت راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے ہفتہ کو ریڈیو پاکستان کے حالات حاضرہ کے چینل کو ایک انٹرویو میں کہا کہ موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو اسے بہت کمزور معیشت ورثے میں ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانچ سو تین ارب روپے مالیت کا قرضہ واپس کیا ہے جس سے لوڈشیڈنگ کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
ماروی میمن نے کہاکہ مختلف اداروں نے حکومت کی اقتصادی نظم و نسق کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف نے پی ایم آفس کے اخراجات چالیس فیصد کم کر دیئے ہیں اور تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں تیس فیصد کٹوتی کے ان کے اعلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایاگیا ہے۔
ماروی میمن نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی بہبود کیلئے بیس ارب روپے کی مالیت کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ ساٹھ فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور حکومت کی توجہ ان کے مصائب کم کرنے پر مرکوزہے۔