سرینگر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے

کل جماعتی حریت کانفرنس کا سرینگر کے لال چوک سے ریلی نکالنے کا اعلان
31 مئی 2014 (20:29)
0

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے بیس جون کو اپنی جماعت جموں وکشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے قیام کی گولڈن جوبلی منانے کیلئے سرینگر کے لال چوک سے ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔


سرینگر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے، رہنماؤں اور کارکنوں نے جذبہ حریت کو زندہ رکھنے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ میرواعظ مولوی یوسف شاہ نے 1931 میں تحریک کا آغاز مسلم کانفرنس کے پرچم تلے کیا جبکہ میرواعظ مولوی محمد فاروق نے تحریک کا آگے بڑھاتے ہوئے 1964 میں ایک ریلی میں عوامی ایکشن کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔


ادھر ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے سرینگر میں میڈیا سے ایک انٹرویو میں کہا کہ 1953 کے بعد آنے والی تمام بھارتی حکومتوں نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت کشمیر کو دئیے گئے خصوصی درجہ کو کم اہمیت دی۔


انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو آرٹیکل 370 کے خاتمے کی باتوں سے گریز کرنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس سمجھتی ہے کہ جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کو یقینی بنانے کیلئے تنازعہ کشمیر کو سیاسی طور پر حل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔