بھارت، ملائیشیا اور سپین کی ٹیموں کو شکست کا سامنا

 مینز ہاکی ورلڈ کپ:دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، بیلجیئم اور انگلینڈ کی ٹیموں کا فاتحانہ آغاز
31 مئی 2014 (22:22)
0

تیرہویں ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، بیلجیئم اور انگلینڈ کی ٹیموں نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنے اپنے ابتدائی میچز جیت لئے۔ ہفتہ کو ہالینڈ میں شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے ابتدائی روز کھیلے گئے گروپ اے کے پہلے میچ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ملائیشین ٹیم کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 4-0 گول سے زیر کر کے پہلی کامیابی حاصل کی۔

گروپ اے کے ایک اور میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے سپین کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 1-0 گول سے زیر کیا۔ گروپ اے کے تیسرے میچ میں بیلجیئم اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت بیلجیئم کے ساتھ رہی، دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر تھا لیکن بیلجیئم کی ٹیم نے میچ کے آخری منٹ میں گول کر کے فتح اپنے نام کی۔