وزیراعظم محمد نوازشریف کانفرنس سے خطاب کے دوران علاقائی اور عالمی امن کے بارے میں اپنے وژن کی تشریح کریںگے۔

File photo

سفیروں کی تین روزہ کانفرنس پیر سے اسلام آباد میں شروع
31 جولائی 2016 (22:22)
0

پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس پیر کو اسلام آباد میں شروع ہورہی ہے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ریڈیو پاکستان کی نمائندہ صوفیہ صدیقی کو بتایا کہ کانفرنس میں دنیا میں رونما ہونے والے واقعات کے تناظر میں خارجہ پالیسی سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد کی حالیہ لہرکے تناظر میں پاک بھارت تعلقات پر غور کیا جائے گا ۔ امریکہ ، افغانستان، چین، روس اور یورپی یونین کے ساتھ تعلقات، آئندہ سارک سربراہ اجلاس اور نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت سے متعلق امور بھی کانفرنس میں زیر غور آئیں گے۔
کانفرنس میں امریکہ، اقوام متحدہ، بھارت، چین،ماسکو،یورپی یونین، افغانستان، جنیوا اور ویانا میں تعینات نو پاکستانی سفیر شریک ہوں گے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کانفرنس سے خطاب کے دوران علاقائی اور عالمی امن کے بارے میں اپنے وژن کی تشریح کریںگے وہ علاقائی استحکام اور ترقی کیلئے پاکستان کی ہمسایہ ممالک تک رسائی ، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اورانتہاپسندی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کریںگے۔
وزیراعظم پاکستانی برآمدات میں خاطرخواہ اضافے کیلئے پاکستان کے مستقبل کے پالیسی اقدامات پرروشنی ڈالیںگے ۔وہ سرمایہ کاروں کے مواقع اور بے روز گاری اور غربت کے خاتمے کے سلسلے میں پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کے شاندار امکانات کو اجاگر کریںگے ۔ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بارے میں عالمی برادری کو اس کی اہمیت سے آگاہ کیاجائے گا ۔