وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہاکہ صدرممنون حسین نے وزیراعظم نوازشریف کے مشورے پر مسودے پر دستخط کردئیے ہیں۔

فاٹا :کسٹمز ایکٹ مجریہ1969 کی منسوخی کا فیصلہ
31 جولائی 2016 (20:22)
0

وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی درخواست پرآئندہ چوبیس گھنٹوں میں صوبے کے زیرانتظام قبائلی علاقوں سے کسٹمز ایکٹ مجریہ 1969 منسوخ کررہی ہے ۔اتوار کی شام اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہاکہ صدرممنون حسین نے وزیراعظم نوازشریف کے مشورے پر مسودے پر دستخط کردئیے ہیں۔

قانون کا پس منظر بتاتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ قانون 15 مارچ 2015 کو بھیجی گئی سمری کے مطابق صوبائی حکومت کے مطالبے پر 28مارچ 2016ء کو نافذ کیاگیا تھا تاہم صوبائی حکومت نے پانچ مئی 2016ء کو ایک اور سمری بھیجی جس میں قانون واپسی لینے کی درخواست کی گئی ہے اور صدر نے وزیراعظم کے مشورے پراس کی منظوری دے دی ہے ۔
حکومت اور رائیل اسٹیٹ فریقین کے درمیان ٹیکس کے حوالے سے غیرمنقولہ جائیداد کی قیمتوں پرگزشتہ روز طے پانے والے اتفاق رائے کے بارے میں ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہاکہ ان فیصلوں پر فوری علمدرآمد کیلئے آج ایک آرڈنینس جاری کیاجارہا ہے تاہم بعد میں پارلیمانی کارروائی کے ذریعے ضابطہ قانون بنایاجائے گا۔ایک سوال کے جواب میں اسحق ڈار نے کہا کہ حکومت نے سپیکر قومی اسمبلی کو پانامہ لیکس کیلئے قواعد وضوابط کے بارے میں کمیٹی کا اجلاس بلانے کی دعوت دی ہے کیونکہ کمیٹی کا کوئی کنوینر نہیں ہے ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ٹی او آر کمیٹی کی حزب اختلاف کی ٹیم سے کل اجلاس بلانے کو کہا ہے کہ لیکن کمیٹی کے رکن چوہدری اعتزازاحسن کی مصروفیات کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں تاہم کسی متفقہ تاریخ پر اجلاس بلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں توقع ہے کہ اجلاس آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں ہوگا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ تحریک انصاف کے سربراہ کو ریلیاں نکالنے کے بجائے چترال میں شدید سیلاب سے متاثرہ افراد کی مشکلات میں کمی کیلئے اقدامات کرنے پر توجہ دینی چاہیے ۔