پلوامہ:کشمیری کرفیو کی پروا نہ کرتے ہوئے کریم آباد قبرستان جا پہنچے
31 جولائی 2016 (19:32)
0

مقبوضہ کشمیر میں آج ہزاروں کشمیری کرفیو اور دیگر پابندیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ضلع پلوامہ میں کریم آباد میں قبرستان پہنچے اور شہداء کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں سید علی گیلانی میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ کشمیر کاز کیلئے شہداء کی قربانیوں کے احترام میں قبرستان پہنچیں۔
رہنمائوں نے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے قتل عام پر اگست کے پہلے پانچ روز احتجاج کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
ادھر سوپور سے تعلق رکھنے والاایک نوجوان اشفاق احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے بعد وادی کشمیر میں جاری تشدد کی لہر میں شہداء کی تعداد 60ہوگئی ہے۔
کٹھ پتلی انتظامیہ نے آج مسلسل 23 دن بھی مقبوضہ کشمیر میں سخت کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری رکھیں ۔ حکام نے بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری کو تعینات کرکے تمام سڑکوں کو بند رکھا ۔
ادھر سری نگر اور مظفرآباد میں تقریبات میں مقررین نے آزاد جموں وکشمیر کے بانی صدر سردار محمد ابرہیم خان کی برسی پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔