نومنتخب وزیر اعظم نے ایوان کو یقین دلایا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

فاروق حیدر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا حلف اٹھا لیا
31 جولائی 2016 (18:29)
0

پاکستان مسلم لیگ نون کے راجہ فاروق حیدر نے آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔

آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ایک پروقار تقریب میں نئے منتخب وزیراعظم سے حلف لیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے گورنر مہتاب عباسی، سینٹر سلیم ضیائ، قومی اسمبلی کے رکن ملک شکیل، آزاد کشمیر کے سپیکر شاہ غلام قادر ، سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید ، صدیق الفاروق، ماروی میمن، حنیف عباسی، وفاقی وزراء برجیس طاہر، احسن اقبال، آزاد کشمیر اسمبلی کے ارکان، کشمیر کونسل اور پارٹی رہنمائوں، اعلیٰ حکام اور لوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راجہ فاروق حیدر خان آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔
آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پولنگ کے دوران راجہ فاروق حیدر خان نے 38 ووٹ حاصل کئے جبکہ مسلم کانفرنس اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار غلام محی الدین دیوان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد یاسین کو پانچ، پانچ ووٹ ملے۔
اپنے انتخاب کے بعد راجہ فاروق حیدر خان نے ایوان کو یقین دلایا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت بدعنوانی کو برداشت نہیں کرے گی اور میرٹ پر کام کرے گی۔
وزیراعظم نواز شریف نے راجہ فاروق حیدر کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کے انتخاب سے پاکستان کی کشمیریوں کے حق خودارادی کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت مزید مضبوط ہوگی۔
قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی راجہ فاروق حیدر کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی راجہ فاروق حیدر کومبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔