File photo

 قانون ساز اسمبلی کی بے گناہ کشمیریوں کیخلاف بھارتی ریاستی دہشتگردی کی سخت مذمت
31 جولائی 2016 (14:23)
0

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پرامن بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی سخت مذمت کی گئی ہے جو اپنے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کے اس حق خودارادیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں اقوام متحدہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارتی مظالم کا جائزہ لینے کیلئے حقائق جاننے سے متعلق ایک مشن مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے۔ قرارداد میں کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور قانون ساز اسمبلی کے ارکان راجہ فاروق حیدر، چوہدری عبد المجید اور سردار عتیق احمد نے اظہار خیال کیا۔
یہ قرارداد قانون ساز اسمبلی کے رکن احمد رضا قصوری نے پیش کی تھی۔