آزاد جموں و کشمیر کے صدر نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔

راجہ فاروق حیدر خان آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب
31 جولائی 2016 (13:06)
0

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راجہ فاروق حیدر خان کو آزاد جموں و کشمیر کا نیا وزیراعظم منتخب کرلیا گیا ہے۔ نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے رائے شماری آج مظفر آباد میں ہوئی۔

فاروق حیدر خان نے 38 ووٹ حاصل کئے جبکہ مسلم کانفرنس اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار غلام محی الدین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد یاسین کو پانچ، پانچ ووٹ ملے۔
نئے منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری آج تیسرے پہر مظفر آباد میں ہوگی۔  آزاد جموں و کشمیر کے صدر نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔

قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے راجہ فاروق حیدر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کا انتخاب قیادت اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان کی طرف سے اُن پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ فاروق حیدر کی مدبرانہ قیادت میں آزاد جموں و کشمیر اسمبلی آزاد کشمیر میں جمہوری اقدار اور اداروں کی مضبوطی کیلئے مزید فعال کردار ادا کرے گی۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی فاروق حیدر کومبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے راجہ فاروق حیدر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا قائد ایوان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔