نواز شریف نے کہاکہ لوگوں کا تحفظ اور امن وامان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

 وزیراعظم دہشتگردی کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے پرعزم
31 جنوری 2015 (17:50)
0

وزیراعظم محمدنوازشریف نے ہرقیمت پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وہ ہفتہ کے روز لاہور میں انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری اقتصادی وسماجی ترقی اورآنے والی نسلوں کی بقاء ملک میں امن اور استحکام سے وابستہ ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم اور قومی ادارے ایک بیج پر ہیں۔


انہوں نے کہاکہ لوگوں کا تحفظ اور امن وامان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اوراس پالیسی کے تحت انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی گئی ہے۔ نوازشریف نے کہاکہ فورس کوخصوصی کارروائیوں اور انٹیلی جنس سروسز کی تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹنے کیلئے انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ جدید سازوسامان فراہم کیاجائے گا ۔

 

وزیراعظم نے کہا ہے کہ مسلح افواج آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہیں جبکہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خلاف قومی لائحہ عمل کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکارپورکے واقعے پرپوری قوم افسردہ ہے مگر اس قسم کے افسوسناک واقعات سے دہشت گردی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طورپر جلد کراچی اور کوئٹہ کا دورہ کریںگے اوروہاں کی صورتحال کاجائزہ لیںگے۔