وزیرخزانہ نے تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں پرزوردیا کہ وہ قومی معیشت کومستحکم کرنے میں اپنا مثبت کردارادا کریں۔

مبینہ انتخابی دھاندلی،حکومت عدالتی کمیشن کی تشکیل کیلئے تیار ہے:اسحق ڈار
31 جنوری 2015 (20:15)
0

وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ اگلے مالی سال سے ٹیکس دہندگان کیلئے قومی ٹیکس نمبر لازمی نہیں ہوگا ۔
ہفتہ کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہرفرد اپنے شناختی کارڈ نمبرکے تحت ٹیکس ادا کرسکے گا ۔
انہوں نے کہاکہ ایسے افراد جو عمر کم ہونے کے باعث قومی شناختی کارڈ حاصل نہیں کرسکے ٹیکس کی ادائیگی کیلئے قومی ٹیکس نمبر کا استعمال جاری رکھ سکتے ہیں۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ ایکسپورٹ ری فنانس سکیم جو نواعشاریہ چار فیصد پرتھی کل سے کم ہوکر نو فیصد ہوجائے گی۔
انہوں نے کہاکہ طویل مدتی مالیاتی سہولت بھی کل سے کم ہوکر سات اعشاریہ پانچ فیصد پر آجائے گی۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ررواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں گیارہ کھرب ، باسٹھ ارب سے زائد کے محاصل اکھٹے کئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران بجٹ خسارہ چار اعشاریہ نو فیصد کے ہدف کے مقابلے میں دو اعشاریہ تین فیصد رہا ۔
ایک سوال پروزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کیلئے تیار ہے صرف اسی صورت میں اگر منصوبہ بندی یا سازش کے تحت کے الفاظ کو بھی کمیشن کی تحقیقات کے دائرہ کار میں شامل کیا جائے ۔
انہوں نے تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں پرزوردیا کہ وہ قومی معیشت کومستحکم کرنے میں اپنا مثبت کردارادا کریں۔