Tuesday, 16 April 2024, 08:49:06 pm
مظلوم کشمیری عوام کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیلئے5 اگست کو یوم استحصال منایاجائیگا
July 31, 2020

غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کےلئے پانچ اگست کو یوم استحصال منایا جائے گا۔

 آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو مفاہمتی یادداشت پیش کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کےخلاف بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کےلئے سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلائی  جائے گی۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمان اقلیت خلاف اس کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کےلئے عالمی رہنماوں کو خطوط لکھے جائیں گے ۔

 شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کےلئے ضلع کی سطح پر ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس دن کو منانے کےلئے آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

 وزیر خارجہ نے کہاکہ اسلام آباد میں کشمیر ہائی وے کو سرینگر ہائی وے کانام دیا جارہا ہے 

 شاہ محمود قریشی نے کہاکہ گزشتہ سال نریندر مودی کی حکومت نے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اسے تین حصوں میں تقسیم اور آرٹیکل 370 منسوخ کردیا۔

 انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے کشمیری عوام کو جاری فوجی محاصرے کے باعث انتہائی مشکلات مصائب اور ظلم و ستم کا سامنا ہے۔

اطلاعات ونشریات کے وزیرسینیٹر شبلی فراز نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےعوام سے اپیل کی کہ وہ پانچ اگست کو یوم استحصال بھرپور انداز میں منائیں تاکہ بھارت کو یہ باور کرایا جائے کہ کشمیر میں اس کے غیرقانونی ہتھکنڈے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے تصور کو ازسرنو تشکیل کیا ہے۔

 شبلی فراز نے کہاکہ موجودہ حکومت کشمیر کے تنازع کے حل کےلئے ہر ممکن کوششیں کرنے کےلئے پرعزم ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارتی تسلط سے نجات حاصل کرلیں گے۔

 

 

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.