Wednesday, 12 August 2020, 08:35:46 am
عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سےمنائی جارہی ہے
August 01, 2020

حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں عیدالاضحی آج ملک بھرمیں مذہبی جوش و جذبےکے ساتھ منائی جارہی ہے۔

دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی، خوشحالی اورسلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کیساتھ ہوا۔
ملک بھر کے تما م چھوٹے بڑے شہروں،قصبوں اور دیہات میں مساجد، عید گاہوں اور کھلی جگہوں پر عید کے اجتماعات ہورہے ہیں ۔
علمائے کرام  نےعید کے خطبے میں حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی طرف سے دی گئی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
لوگ سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دے رہے ہیں ۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں عید کے اجتماعات ہوئے۔
پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے گورنر ہائوس لاہور میں عیدالاضحی کی نماز ادا کی۔
سندھ میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے صوبے کے چھوٹے بڑے تمام شہروں کی مساجد' عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر حکومت کے وضع کردہ قواعد و ضوابط کے تحت عید کے اجتماعات ہوئے۔
سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیاتی حکومت سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر اجتماعی قربانیوں کے فروغ کے لئے وفاقی حکومت کی پالیسی پر احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمل کیا گیا ہے جس کا مقصد کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے۔
آج پورے خیبرپختونخوا میں عیدالاضحی کے اجتماعات ہوئے ۔
پشاور میں عیدالاضحی کا مرکزی اجتماع شہر کے عید باغ میں ہوا ۔
وزیراعلی محمود خان ، وزیرمحنت شوکت یوسفزئی اور معاون خصوصی کا مران بنگش نے گورنر ہائوس پشاور میں نماز عید ادا کی ۔
ادھر عیدالاضحی کے موقع پر صوبے میں پرامن ماحول برقراررکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میںآج بلوچستان میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔
بلوچستان کے گورنر امان اللہ خان یاسین زئی نے گورنر ہائوس کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کی جبکہ وزیراعلیٰ میر جام کمال خان نے لسبیلہ میں اپنے آبائی قصبے میں عید منائی۔
کوئٹہ میں مساجد' عیدگاہوںاور کھلے مقامات سمیت دوسو سے زائد مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔
ادھر صوبے میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت حفاظتی اقدامات کیے ۔
حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی عظیم قربانی کی یاد میں گلگت بلتستان میں عیدالاضحی مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی ۔
گلگت میں صبح کے وقت امامیہ عید گاہ، لاک جان اسٹیڈیم، KONODAS عید گاہ اور شاہ کریم ہوسٹل سمیت تیس مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔