Monday, 13 July 2020, 10:42:58 am
کورونا پھیلاؤ، قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کیلئے تاجر تنظیموں سے بات چیت کا فیصلہ
May 31, 2020

منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر اسد عمر نے دکانداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے صارفین کو خدمات کی فراہمی کرتے وقت نو ماسک نو سروس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
انہوں نے یہ بات اتوار کے روز اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
فورم نے لاک ڈائون میں نرمی کے بعد کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کورونا کیلئے رہنماء اصولوں اور قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کیلئے تاجر تنظیموں سے بات چیت کا بھی فیصلہ کیا ۔
اسد عمر نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو ہدایت کی کہ وہ لاک ڈائون میں نرمی کے دوران قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد پر توجہ دے۔
انہوں نے کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے احتیاطی اقدامات اجاگر کرنے کی غرض سے عوام کیلئے ایک موثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں حکومت کی کامیابیوں کو سراہا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو بتایا گیا کہ کل سے ملک بھر میں ریسورس مینجمنٹ سسٹم شروع کر دیا جائے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو بتایا گیا کہ صوبوں سے کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں میں شعور بیدار کریں اور آئندہ ماہ کی پندرہ تاریخ تک اپنے متعلقہ علاقوں میں کال سینٹرز قائم کریں۔
فورم کو بتایا گیا کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں سمارٹ لاک ڈائون کے نفاذ پر اتفاق نہیں کر رہیں بلکہ گھروں میں قرنطینہ ہونے کی پالیسی کو ترجیح دے رہی ہیں۔