ریاستوں اورسرحدی علاقوں کے وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان ،افغانستان اوراقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کیلئے ہائی کمشنر نے متفقہ طورپر2017ء کو وطن واپسی کاسال قراردیاہے۔

افغان پناہ گزینوں کی واپسی کاعمل اگلے سال کے آخر تک مکمل ہوگا:عبدالقادر بلوچ
30 نومبر 2016 (09:35)
0

ریاستوں اورسرحدی علاقوں کے وزیرعبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ اورباعزت وطن واپسی کاعمل اگلے سال کے آخر تک مکمل ہوگا ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان ،افغانستان اوراقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کیلئے ہائی کمشنر نے متفقہ طورپر2017ء کو وطن واپسی کاسال قراردیاہے۔عبدالقادربلوچ نے کہاکہ فی الحال موسم سرما کاوقفہ ہے اورپناہ گزینوں کی واپسی کاعمل اگلے سال مارچ سے پھر شروع ہوگا ۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے لوگ2013ء کے خوف اور دہشت کے ماحول کی بجائے آج خود کومحفوظ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کراچی اور فاٹا میں زندگی معمول پرآگئی ہے ۔ دہشت گرد سرحد پار چلے گئے ہیں اور وہ وہاں سے کارروائیاں کررہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں عبدالقادر بلوچ نے کہاکہ عوام نے بلدیاتی حکومت اورضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نون پراعتماد کااظہار کیاہے۔
انہوں نے تحریک انصاف سے کہاکہ وہ اپنا پارلیمانی کردارادا کرے اورخیبرپختونخوا میں غربت، بے روزگاری اور دیگر سماجی مسائل پرتوجہ دے۔