نوازشر یف نے سحر وافطار کے اوقات میں پورے پاکستان میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت۔

وزیر اعظم کی ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت
30 مئی 2017 (17:58)
0

وزیراعظم نواز شریف نے پانی وبجلی کی وزارت کو یہ بات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ملک کے کسی بھی حصے میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ ہو۔

وہ منگل کے روز اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں کابینہ کی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ملک میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم نے سحر وافطار کے اوقات میں پورے پاکستان میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم نے بجلی کی طلب اور موجودہ اور آئندہ بارہ سے چھتیس ماہ کے دوران بجلی کی پیداوار شروع کرنے والے پلانٹس سے بجلی کی متوقع فراہمی کے حوالے سے درست اعدادوشمار اکٹھے کرنے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے غیر جانبدار آڈیٹروں سے گردشی قرضے کی رقوم کی دوبارہ تصدیق کرانے کی بھی ہدایت کی ۔
نواز شریف نے کہا کہ توانائی کے شعبے سے متعلق اہم امور پر فیصلہ سازی میں صوبائی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔
پانی بجلی کے وزیر خواجہ آصف نے اجلاس کو بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔