انہوں نے کہا کہ لمبے عرصے سے جاری مسائل کے خاتمہ کیلئے ہماری کوششوں کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

حکومت کے تین نکاتی معاشی ایجنڈے پر کام جاری:ڈار
30 مارچ 2014 (10:03)
0

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت معیشت ، توانائی اور انتہا پسندی کے تین نکاتی ایجنڈے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔


اسلام آباد میں عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی اندرا وتی سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ لمبے عرصے سے جاری مسائل کے خاتمہ کیلئے ہماری کوششوں کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

میکرو اکنامکس صورت حال بہتر ہورہی ہے ، شرح نمو بڑھ رہی ہے اور افراط زر واحد ہندسے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کی طلب کو پورا کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔

انہوں نے خصوصی طور پر کہا کہ بین الاقوامی تعاون سے حکومت کو غربت کے خاتمے اور لوگوں کی سماجی ومعاشی ترقی میں مدد ملے گی۔

عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ عالمی بینک پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے مدد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک توانائی بحران کے خاتمہ، خواتین اور نوجوانوں کیلئے معاشی مواقع میں اضافے اور خدمات کی فراہمی کے معیار کی بہتری پر خصوصی توجہ دے گا۔