پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے ریڈیو پاکستان کو بتایا کہ حب میں سیلابی ریلے میں متعدد مکانات بھی بہہ گئے۔

کراچی اور حب میں بارشوں کے باعث17 افراد جاں بحق
30 جون 2017 (13:08)
0

کراچی اور بلوچستان کے علاقے حب میں بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات میں کم از کم سترہ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف حصوں میں پانچ افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے جبکہ دو بچے شہر کے ایک تالاب میں ڈوبنے سے جاں بحق ہوئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مزید بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقے حب میں بارشوں کے باعث دو بچوں سمیت سات افراد جاں بحق ہوئے۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے ترجمان نے ریڈیو پاکستان کے کوئٹہ کے نمائندے کو بتایا کہ حب کے علاقے میں سیلابی ریلے میں متعدد مکانات بہہ گئے۔ترجمان نے کہا کہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور صورتحال اب قابو میں ہے۔انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ادھر ، بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثنااﷲ زہری نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کو مون سون کی بارشوں کے دوران صوبے میں شہریوں کے تحفظ کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ندی نالوں کے قریب مقیم شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل اور ان کیلئے خیموں اور خوراک کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی۔