File Photo

فلسطینی صدرمحمودعباس تین روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں
30 جنوری 2017 (06:54)
0

فلسطین کے صدرمحمودعباس پاکستانی قیادت کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت کیلئے تین روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔  دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ ان کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہے۔پانچ وزراء سمیت سترہ رکنی وفد ان کے ہمراہ ہوگا۔

دورے میں فلسطینی صدر وزیراعظم نوازشریف اورصدرممنون حسین سے معاونین کے بغیرملاقاتیں کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔
فلسطین کے صدر اور پاکستان کے وزیراعظم اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیومیں فلسطین کے نوتعمیرشدہ سفارتخانے کا افتتاح کریں گے۔
صدرمحمودعباس اوران کا وفد صدرممنو ن حسین سے ملاقات کرے گا جس کے بعد ان کے اعزاز میں ضیافت دی جائے گی۔  دونوں سربراہان مملکت کے درمیان دوطرفہ سیاسی اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

اس سے پہلے اردن اور فلسطین کیلئے پاکستان کے سفیر شفاعت اللہ شاہ نے آج عمان میں فلسطینی صدر محمود عباس کو پاکستان روانگی کیلئے رخصت کیا۔