پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت امریکہ ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد سے خطے میں کم سے کم دفاعی صلاحیت پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔

عالمی برادری جنوبی ایشیا میں تزویراتی توازن کیلئے کردار ادا کرے:سرتاج
30 جنوری 2015 (17:51)
0

پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت امریکہ ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد سے خطے میں کم سے کم دفاعی صلاحیت پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔
اسلام آباد میں ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے امریکہ کو مشورہ دیا کہ وہ جنوبی ایشیاکے تذویراتی استحکام اور توازن کو غیرمستحکم نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں اسلحے کی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی قومی سلامتی کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیاء میں تذویراتی استحکام اور توازن یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لئے صدر اوبامہ کی جانب سے بھارت کی حمایت سے متعلق سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت سلامتی کونسل میں خصوصی درجے کیلئے کسی طور پر اہل نہیں ہے کیونکہ وہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان میں اضافے کی تجاویز سے سلامتی کونسل میں اصلاحات کے اجتماعی مقاصد کو نقصان پہنچے گا۔