نواز شریف نے کہا کہ حکومت سندھ میں تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرے گی

پی پی، ایم کیو ایم قیام امن کیلئے اختلافات طے کریں:وزیراعظم
30 جنوری 2015 (19:59)
0

وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پرزور دیاہے کہ وہ صوبے میں قیام امن کے لئے اپنے اختلافات طے کریں۔
انہوں نے جمعہ کو کراچی سٹاک ایکسچینج کے دورے کے بعد کراچی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے پارٹی کارکنوں کے قتل پر تشویش ظاہر کی انہوں نے کہا کہ پولیس ان واقعات کی تحقیقات کرکے تیس دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ حکومت سندھ میں تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرے گی انہوں نے کہا کہ د شمن پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان عدم اعتماد کا فائدہ اٹھاسکتا ہے انہوںنے دونوں جماعتوں کے درمیان بداعتمادی کے خاتمے کے لئے وفاقی حکومت کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ توانائی کا بحران موجودہ حکومت کے دور میں ختم ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ مائع قدرتی گیس کی درآمد دوماہ میں شروع ہوگی جو صنعتوں اور بجلی گھروں کو فراہم کی جائے گی انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے گیس سے بجلی پیداکرنے کے پلانٹ لگانے پر کام کر رہی ہے۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد نوازشریف نے متحدہ قومی موومنٹ کے تین کارکنوں کے قتل کی تحقیقات کرنے اورمجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔
اس سے پہلے وزیراعظم نے قتل ہونے والے کارکنوں سہیل احمد، فرازعالم اور ریحان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کی ناگہانی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔