سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران داخلہ امور کے وزیر مملکت بلیغ الرحمان نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔

حکومت تمام مذہبی مدارس کا اندراج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے
30 جنوری 2015 (15:22)
0

حکومت تمام مذہبی مدارس کا اندراج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ انہیں قومی دھارے میں لایا جا سکے۔آج سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران داخلہ امور کے وزیر مملکت بلیغ الرحمان نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کیلئے سنجیدہ ہےایک سوال پر وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق کا مسودہ متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے پچھلے سال وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی۔کمیٹی نے متعلقہ فریقوں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا تاکہ پیمرا قوانین پر موثر عملدرآمد کیلئے موجودہ ضابطہ اخلاق میں ابہام دور کیا جا سکے۔پرویز رشید نے کہا کہ یونیسکو نے پاکستان میں عالمی ورثہ کے مقامات کے تحفظ کیلئے ایک کروڑ انیس لاکھ ڈالر دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے نے موہنجودڑو میں پانی اور زمین کے بارے میں تحقیقی لیبارٹری قائم کرنے کیلئے تکنیکی اور مالی امداد فراہم کی ہے۔

ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیرعبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے شمالی وزیرستان سے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کے لئے اب تک چھ ارب سات کروڑ پچاس لاکھ روپے جاری کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے شمالی وزیرستان کے ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کا اندراج کیا ہے۔ایوان کا اجلاس پیر کی سہ پہر چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔