ممنون حسین تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔

دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کسی امتیاز کے بغیر جاری رہے گی:صدر
30 دسمبر 2015 (12:39)
0

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کسی امتیاز کے بغیر جاری رہے گی۔

وہ بدھ کے روز تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے میڈیکل کے شعبے میں تعلیم مکمل کرنے والے ڈاکٹروں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔ صدر نے امید ظاہر کی کہ تعلیم مکمل کرنے والے ڈاکٹرز اپنے علم اور مہارتوں کو لوگوں کی خدمت کے لئے بروئے کار لائیں گے۔

اس سے پہلے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی قیادت اور فوج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی اشاریے حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کا اکیس ارب ڈالر تک پہنچنا حکومت کی مربوط اقتصادی پالیسیوں کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے خطے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔