Monday, 02 December 2024, 01:51:51 am
 
وزیراعظم کی آزمائش کی گھڑی میں ملائیشیا میں سیلاب کے باعث پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی
November 30, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام ملائشیا میں حالیہ سیلاب کے باعث آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے ملائشین بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بات اپنے ملائشیا کے ہم منصب Dato Seri Anwar Ibrahimکے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہی۔ شہباز شریف نے ملائشیا کی متعدد ریاستوں میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے میں ملائشیا کی حکومت کے فوری ردِعمل کی بھی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے ملائشیا کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی اور ملائشیا کے بھائیوں کے پاکستان کی حمایت کی علامت کے طور پر فوری انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت رُخ پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملائشیا کے وزیر اعظم نے حمایت پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کو تمام اہم شعبوں میں تعلقات آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنمائوں نے اعلیٰ دوروں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔