Monday, 02 December 2024, 12:35:08 am
 
کسی کو بھی ملک کا امن برباد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی:تارڑ
November 30, 2024

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی ملک کا امن برباد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آج (ہفتہ) ٹیلی ویژن پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں انسداد فسادات فورس قائم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار شدت پسند مظاہرین کے خلاف فوری مقدمات چلا کر اُنہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگوں نے تحریک انصاف کے احتجاج کی کال کو مسترد کرتے ہوئے یہ پیغام دیا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت خیبرپختونخوا یا ملک کے دیگر افراد کی خواہشات کی ترجمانی نہیں کرتی۔ وزیر اطلاعات نے اقتصادی بہتری کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے منفی حربے ملکی معیشت کو آگے لے جانے سے نہیں روک سکتے۔ اُنہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ، ترسیلات زر آٹھ ارب اسی کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں، مہنگائی کی شرح کم ہو کر چھ اعشاریہ نو فیصد ہو گئی ہے اور زرِمبادلہ کے دخائر گیارہ ارب تک پہنچ گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے لیے یورپی رُوٹ کھلنے سے قومی ایئرلائن کی آمدنی میں اضافہ ہو گا جس سے اس کی نجکاری میں مدد ملے گی۔