Monday, 02 December 2024, 01:57:38 am
 
قلعہ بالا حصار پشاور میں خصوصی گرینڈ جرگہ کا انعقاد
November 30, 2024

ضلع خیبر کے مختلف علاقوں کے عمائدین نے حکومت پاکستان اور سیکورٹی فورسز کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کسی فرد یا عنصر کو امن خراب کرنے کی اجاز ت نہیں دی جائے گی۔ اس عزم کا اظہار قلعہ بالا حصار پشاور میں ہونے والے خصوصی گرینڈ جرگہ کے دوران کیا گیا جس میں ضلع خیبر کے عمائدین، نوجوانوں، سینئر سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔ عمائدین نے کہا کہ وہ ضلع خیبر میں امن کیلئے حکومت اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ فتنہ الخوارج کے خلاف کردار ادا کرتے رہیں گے۔شرکاء کو بتایا گیا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ضلع خیبر میں امن کی بحالی کے لیے برسرپیکار ہیں اور کسی فرد یا گروپ کو ضلع کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام نے مقامی عمائدین سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ علاقے میں حکومت پاکستان اور اس کے ماتحت اداروں کے ساتھ فتنہ الخوارج کے خلاف متحرک ہیں ۔ لنڈی کوتل، جمرود، باڑا اور وادی تیرا کے عمائدین نے جرگہ میں شرکت کی اور متعدد تجاویز پیش کیں۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے جرگے علاقے میں امن کا واضع پیغام ہیں۔