Friday, 15 November 2019, 07:54:35 am
کرتارپور راہداری کا افتتاح، نوجوت سنگھ سدھوکوتقریب میں شرکت کی دعوت
October 30, 2019

فائل فوٹو

کرتار پور میں دنیا کے سب سے بڑے گردوارے کے افتتاح کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔

وفاقی حکومت نے معروف کھلاڑی نوجوت سنگھ سدھو کو افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سدھو کو افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی۔

نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس تاریخی تقریب میں دعوت دینے پروزیراعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دنیا بھر سے سکھ اپنے روحانی رہنما بابا گرونانک سے منسوب مقام کے دورے کا بے چینی سے انتظارکررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ کرتار پور کی تعمیر اوراس کے افتتاح سے سکھ مذہب کے لاکھوں پیروکاروں کو مثبت پیغام جائے گا ۔

نوجوت سنگھ سدھو نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کو وہ کبھی نہیں بھولیںگے ۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ کرتار پور امن اور محبت کی نئی علامت ہے اور یہ نئے پاکستان کا تحفہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ سدھو کرتار پور منصوبے کے اہم کرداروں میں شامل ہیں ۔

فیصل جاوید نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ کی 9 تاریخ کو کرتار پور کے افتتاح سے نئی تاریخ رقم کرینگے۔